کوئٹہ : صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی سردار کوہیار خان ڈومکی نے وزیراعلی بلوچستان کی ہدایت پر ترقیاتی منصوبوں کے معائنے کے سلسلے میں ضلع پشین کا دورہ کیا
پشین آمد پر انہیں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عطا اللہ بلوچ، اسسٹنٹ ڈائیریکٹر فضل قادر و دیگر افسران نے استقبال کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ سردار زادہ میر دینار خان ڈومکی، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ عبد الروف بلوچ، ڈائیریکٹر جنرل سید ذوالفقار علی شاہ اور اسٹاف آفیسر محمد حنیف چھٹہ بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن پشین عطا اللہ بلوچ اور اسسٹنٹ ڈائیریکٹر فضل قادر نے صوبائی وزیر بلدیات کو ضلع پشین میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور مشینری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر بلدیات نے لوکل گورنمنٹ کے تحت جاری منصوبوں کا از خود دورہ کیا، منصوبوں کے معیار کا جائزہ لیا اور عوام سے ان منصوبوں کے بارے میں رائے بھی لی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سردار کوہیار خان ڈومکی نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کی خصوصی دلچسپی سے صوبے بھر میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی اسکیموں کے کام کا باریک بینی سے معائنہ کیا جا رہا ہے اور ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقیاتی اسکیمیں مقررہ مدت میں مکمل ہوں گی۔
دورے کے دوران، صوبائی وزیر نے مختلف عوامی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی غریبوں اور متوسط طبقہ کی نمائندہ جماعت ہے، جو ہمیشہ عوامی مفادات کے منصوبوں کو ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے روزگار کی فراہمی کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں اور صوبے بھر کے مختلف محکموں میں نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر ملازمتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
بعد ازاں، صوبائی وزیر سردار کوہیار خان ڈومکی نے لوکل گورنمنٹ گیسٹ ہاس کا دورہ کیا، جہاں پر ضلع بھر کے یونین کونسلوں کے چیئرمینوں ، تحصیل چئیرمینوں اور علاقائی عمائدین نے ملاقاتیں کیں صوبائی وزیر نے چئیرمینوں اور قبائلی عمائدین سے ان کے مسائل سنے۔ اور انھیں حل کرنے کی یقین دھانی کرائی ۔
Leave a Reply