کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹننٹ (ر) سعد بن اسد نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹی نے اب تک 3 ہزار سے زائد دکانوں کا معائنہ کیا ہے۔
اس موقع پر 176 دکانوں کو سیل جبکہ 200 دکاندار گرفتار کر کے 80 دکانداروں کو جیل بھجوا دیا گیا ہے۔
تجاوزات کے حوالے سے سریاب روڈ، کندھاری بازار، ریسانی روڈ، زرغون روڈ اور نیشنل پارک ہزار گنجی میں بھی کارروائی کر کے 20 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
کوئٹہ شہر میں تمام کرش پلانٹس کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
شہر میں مرغی اور دودھ فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے جس سے مرغی اور دودھ کی قیمتوں میں استحکام پیدا ہو رہا ہے۔
ٹریفک مسائل کے حل کے لیے غیر قانونی رکشوں اور پرانی بسوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اب تک 75 رکشے اور 10 بسیں بند کر دیے گئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز اور اسپیشل مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کر کے رپورٹ جمع کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی میں تیزی لائی گئی ہے۔
اس کے علاوہ شہر میں ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر ہائی کورٹ بلوچستان کے حکم پر تمام کریش پلانٹس کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور ان کے سامان بھی ضبط کر دیے گئے ہیں جس سے شہر میں آلودگی میں کمی واقع ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر غیر قانونی رکشوں اور پرانی بسوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مار رہی ہیں جس سے شہر میں ٹریفک کا نظام قدر بہتر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے لوکل اور ڈومیسائل کے مرحلے کو آسان اور جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور گزشتہ ماہ 1500 کے قریب لوکل و ڈومیسائل سرٹیفکیٹ لوگوں کو دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلحہ لائسنس کے حوالے سے تمام کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کا اجرا کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کو بھی جلد نادرا ڈیٹا بیس سے منسلک کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو اپنا لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹ بنوانے میں آسانی ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ گرین بس کوئٹہ کے عوام کی سہولت کے لیے ایک بہترین سروس ہے جو کہ روزانہ ہزاروں افراد کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کے لیے شروع کیا گیا۔
انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور ان کے تکمیل کو ہر صورت ممکن بنایا جا رہا ہے۔
Leave a Reply