|

وقتِ اشاعت :   3 hours پہلے

کوئٹہ:  گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ہر ڈسٹرکٹ کی سطح پر جدید اسپورٹس کمپلیکس قائم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔

کھیل صرف ایک کھیل نہیں ہے بلکہ یہ ایک منظم زندگی گزارنے اور زندہ دلی پیدا کرنے کا معتبر وسیلہ ہے بلوچستان میں صلاحیتوں سے بھرپور ایتھلیٹس، کھلاڑی اور حتیٰ کہ کھیلوں کے شائقین بھی موجود ہیں

لیکن میدانوں اور ضروری سہولیات کی عدم موجودگی کے باعث وہ گلی کوچوں اور سڑکوں پر کھیلنے پر مجبور ہیں. تو ایسی صورت ہم اپنے نوجوانوں سے کھیلوں میں شاندار کارکردگی کی توقع کیسے کر سکتے ہیں؟

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپورٹس بورڈ کے سالانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر بلوچستان برائے اسپورٹس مینہ مجید، صوبائی سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز طارق قمر، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی، ڈی جی اسپورٹس یاسر بازئی، عطاء محمد کاکڑ اور حیات اللہ خان درانی بھی موجود تھے.

اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہر صلاحیت دراصل موقع کا محتاج ہے. جب کسی بھی کھلاڑی کے پاس ٹریننگ اینڈ پریکٹس کرنے کیلئے بنیادی سہولیات اور مواقع دستیاب نہ ہوں تو پھر اچھے سے اچھے کھلاڑی بھی ضائع ہو جاتے ہیں. کھیل جنونیت اور وحشت کو بدلنے کی طاقت رکھتا ہے۔

کھیل میں نوجوانوں میں بردباری پیدا کرنے، حوصلہ افزائی کرنے ان کی پوشیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کی طاقت ہے۔

یہ بات واضح ہے کہ ہر کھلاڑی اپنے صوبے اور ملک کا سفیر ہوتا ہے۔ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہماری نمائندگی کرتے ہیں اور ان کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ اسپورٹس ہمیں ڈسپلن، محنت اور ٹیم ورک سکھاتا ہے۔ یہ ہمارے نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں میں شامل کرنے اور انہیں سماجی برائیوں سے بچانے کا بہترین طریقہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *