کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میرکبیر احمد محمد شہی نے کہا ہے کہ طاقت اور دولت کے زور پر قومی اسمبلی،
بلوچستان صوبائی اسمبلی اور سینیٹ میں مسلط ہونے والی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا نتیجہ یہ ہے کہ آج ہماری خواتین اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں۔ خضدار پولیس لائن کا واقعہ اور فارم 47 کی جعلی حکومت کے سیاہ کارناموں میں ایک اور افسوسناک اضافہ ہے۔
کبیر محمد شہی نے اسماء بی بی کے اغوا پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اغواکار اتنے بے خوف اور طاقتور ہوچکے ہیں کہ انہیں ریاست اور ریاستی اداروں کا کوئی خوف نہیں۔
یا پھر یہ ادارے ان عناصر کی سرپرستی کر رہے ہیں۔
2024 کے انتخابات میں ہونے والی تاریخی دھاندلی کے نتیجے میں آنے والی حکومت کے منفی اثرات آج سب کے سامنے ہیں۔ ایک سال کے اندر سب کچھ تباہ کردیا گیا ہے، ملک میں نہ آئین ہے نہ جمہوریت۔
عدلیہ کے بعد صحافت کو بھی خاموش کرادیا گیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اغوا کے نامزد ملزمان کو گرفتار کرکے اسماء بی بی کی جلد بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔
Leave a Reply