کوئٹہ +کراچی: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے چینی قونصلیٹ کراچی میں “بلوچستان کے وسیلہ روزگار کیلئے شمسی توانائی سے چلنے والے نظام” کے آغاز سے متعلق منعقدہ تقریب کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک مضبوط و مستحکم اقتصادی بنیاد کے بغیر، ہماری تمام تر کاوشیں بیکار اور نافذالعمل نظام کا استحکام غیرمحفوظ رہیگا۔
چینی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ شمسی توانائی منصوبہ دراصل تمام کمیونٹیز کو بااختیار بنانے، آلودگی سے پاک ماحول کو یقینی بنانے اور تعمیر وترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے سے متعلق ہے جو مقامی معیشتوں کو متحرک کرنے کا موثر وسیلہ ثابت ہو سکتا ہے۔
اس موقع پر پاکستان میں تعینات عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل (Mr. Yung Yundong), اور چیئرمین، فرینڈز آف چائنہ فورم بایزید خان کاسی بھی موجود تھے. شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنربلوچستان نے کہا کہ تاریخ میں چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی مثالی رہی ہے اور ہم ہر مشکل میں ان کے تعاون کے مشکور ہیں۔
بلاشبہ چین سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے لحاظ سے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں سے ایک ہے اور ہم ان کے جدید علم اور بالخصوص چین کی ٹیکنالوجیکل مہارت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) ہمارے باہمی تعاون کی ایک روشن مثال ہے اور یہ شاندار میگا پروجیکٹ پورے خطے میں معاشی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
دونوں ہمسایہ ممالک پاکستان اور چین عزم اور باہمی تعاون سے مزید عظمت حاصل کر سکتے ہیں گورنر مندوخیل نے کہا کہ شمسی توانائی سے ہم اپنے تعلیمی اداروں، صحت کے مراکز، زراعت اور گھریلو ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ اس بدلتی ہوئی دنیا میں سولرائزیشن ایک اہم ضرورت ہے۔
یہ منصوبہ ہمیں کم قیمت پر توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنائیگا اور گلوبل وارمنگ کو کنٹرول کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریگا۔ موسمیاتی تبدیلی عصر حاضر کا ایک عالمی مسئلہ ہے۔
اس ضمن میں میں بلوچستان کی جانب سے اس سے نمٹنے کیلئے فعال اقدامات کا آغاز کرنا خوش آئند ہے۔
اسطرح، اگر چین ہمارے غریب عوام کو بڑے پیمانے پر رہنمائی اور تعاون فراہم کرتا ہے تو وہ ہربنائزشن اینڈ انڈسٹریلائزشن کیلئے نئی راہیں متعین کریگا۔ اپنے عام عوام کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنا کر شمسی توانائی کی طاقت کے ساتھ مسلسل آگے بڑھ سکتے ہیں.
آخر میں گورنر بلوچستان چینی قونصل جنرل اور چیئرمین فرینڈز آف چائنا فورم بایزید خان کاسی کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور شرکاء میں یادگاری شیلڈز اور سولر پینل تقسیم کیے
Leave a Reply