کوئٹہ: ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ گزشتہ روز زرداری ہاؤس کراچی میں فریال تالپور کی زیر صدارت ایک مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور صوبائی حکومت کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پیپلز پارٹی کی قیادت نے بلوچستان حکومت کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے لئے مرتب کردہ حکمت عملی اور اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا ترجمان نے وضاحت کی کہ یہ اجلاس معمول کا ایک مشاورتی اجلاس تھا، جس میں پارٹی کے تنظیمی امور، عوامی بہبود کے منصوبوں اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تاہم، بعض میڈیا ہاؤسز نے اس اجلاس کو غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا، جبکہ حقیقت میں یہ ایک داخلی مشاورت تھی جو ہر سیاسی جماعت کے معمول کا حصہ ہوتی ہے ترجمان بلوچستان حکومت نے مزید کہا کہ اجلاس میں پارٹی قیادت نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا
اور بلوچستان حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس کے ترقیاتی اقدامات کی حمایت کی انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت پیپلز پارٹی کے وژن کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت، عوامی حقوق اور فلاحی ریاست کے قیام کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں جبکہ بھٹو ازم کا فلسفہ پسے ہوئے طبقے کی نمائندگی اور ان کی فلاح و بہبود پر مبنی ہے جس کا تسلسل آج بھی جاری ہے
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی بہبود کے لیے ہمیشہ مؤثر کردار ادا کیا ہے، اور یہ ثابت کیا ہے کہ ترقی اور عوامی خوشحالی پارٹی کی اولین ترجیح ہے شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد میں یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا، کیونکہ پائیدار ترقی محض سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر مشترکہ کوششوں سے ممکن ہے انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار سیاست ہی ملک کی حقیقی ترقی کی ضامن ہے
، اور بلوچستان حکومت ہر مثبت عوامی اقدام کی حمایت جاری رکھے گی ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور ایک مؤثر حکمت عملی کے تحت عوامی فلاح کے منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ بلوچستان کے عوام کو حقیقی ترقی اور خوشحالی فراہم کی جا سکے۔
Leave a Reply