|

وقتِ اشاعت :   February 17 – 2025

 کوئٹہ:چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے آج بگ کیچ اپ ( بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے) مہم کے دوسرے مرحلے کا باضابطہ افتتاح کیا۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ اس مہم کا مقصد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی ٹیکے فراہم کرنا ہے تاکہ وہ 12 مہلک بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور محکمہ صحت اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین کمیونٹی لیڈرز اور مذہبی و سماجی شخصیات کو اس مہم میں بھرپور تعاون کرنا چاہیے تاکہ کوئی بھی بچہ حفاظتی ٹیکوں سے محروم نہ رہے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے والدین سے اپیل کی کہ وہ قریبی ویکسینیشن پوائنٹس پر جا کر اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے۔ ضرور لگوائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ مہم بچوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ حکومت بلوچستان اس مہم کے مؤثر نفاذ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور تمام متعلقہ ادارے اس قومی خدمت میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ مہم 17 فروری سے 28 فروری 2025 تک بلوچستان کے تمام اضلاع میں جاری رہے گی، اور اس دوران 400,000 سے زائد بچوں کی ویکسینیشن کی جائے گی۔

اس سلسلے میں 1,500 سے زائد ویکسینیشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو صحت کے مراکز، کمیونٹی آؤٹ ریچ، اور موبائل ویکسینیشن یونٹس کے ذریعے تمام مستحق بچوں کو حفاظتی ٹیکے فراہم کریں گی۔