کوئٹہ :صوبائی وزیر برائے موصلات وبلوچستان اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم احمد کھوسہ نے سیکورٹی فورسز پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ امن وامان کو خراب کرنے والوں کی سازشیں کامیاب نہیں ہونگی
،پاکستان وبلوچستان کی ترقی دشمنوں کو ہضم نہیں ہورہی ،کبھی اقلیتی برادری تو کبھی نہتے مزدوروں کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے نشانہ بناتے ہیں ،سیکورٹی فورسز دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پرعزم ہے ،دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میںلیویز،پولیس،ایف سی سمیت دیگرقانون نافذ کرنے والے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیںگی ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ میرسلیم احمد کھوسہ نے قلات میں لیویز چیک پوسٹ سمیت ملک بھر میں سیکورٹی فورسز پر حملوں وخوارج کے خلاف آپریشنز میں جوانوں کی شہادت پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور بلوچستان کی ترقی ملک دشمنوں سے ہضم نہیں ہورہی اس وجہ سے وہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے کے درپے ہیں
،بدقسمتی سے پہلے نہتے اقلیتوں اور اس کے بعد ہرنائی میں بے گناہ کانکنوں کو نشانہ بنایاگیا، ملک دشمن عناصر معصوم لوگوں کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے ظلم وبربریت کانشانہ بنا رہے ہیں ،ایسے واقعات انتہائی افسوسناک ہے ،قلات میں لیویز چیک پوسٹ پر حملے میں ایک اہلکار کی شہادت افسوسناک ہے ،لیویز اہلکار کی جواں مردی کے ساتھ دہشتگردوں کامقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنا پاکستان کیلئے فخر کی بات ہے ،ایسے جوان جو اپنے فرائض منصبی میں اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جاتے ہیں وہ پوری قوم کیلئے ایک مثال بن جاتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ملک دشمنوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونگے ۔