|

وقتِ اشاعت :   2 days پہلے

حب:سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی ، ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ان کے نام سے منسوب جھوٹی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے ۔

انہوں نے اپنے تردیدی بیان میں کہا کہ مخالفین ہمارے عوامی امنگوں پر مبنی ترقیاتی کاموں سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ۔مخالفین پہلے بھی جھوٹ اور منفی پروپیگنڈہ پر مبنی خبریں سوشل میڈیا کے ذریعے چلاتے رہے ہیں اور اب بھی یہ سلسلہ جاری ہے ۔ گزشتہ روز بھی ایسا کیا گیا جس میں ایک جھوٹی اور بے سروپا خبر چلائی گئی جس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں اورجس کی ہم سختی سے تردید کرتے ہیں اور ایسے عناصر کو ایک مرتبہ پھر خبردار کرتے ہیں کہ وہ اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آ جائیں وگرنہ ان سے سختی سے نمٹا جائے گا اور قانونی چارہ جوئی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔

میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ میں پیپلز پارٹی عوامی اور نظریاتی پارٹی ہے جبکہ میں ایک عام سیاسی کارکن اور پارٹی پالیسی کا پابند ہوں اور ذمہ دار کارکن ہونے کے ناطے اس طرح کی بات سوچ بھی نہیں سکتا۔پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے صدر مملکت آصف علی زرداری کی رہنمائی میں عوام کے حقوق کے لئے کام کرتا رہوں گا ۔ ایسے منفی ہتھکنڈے ہماراکچھ نہیں بگاڑ سکتے ۔جو لوگ اس مکروہ عمل میں شامل ہیں ان کو ہم اور عوام اچھی طرح جانتے ہیں ۔

لوگوں میں اختلافات پیدا کرکے اپنی سیاست کو چمکانا ان کا پران پیشہ اور وطیرہ ہے جس سے اب لوگ بخوبی واقف ہو چکے ہیں ۔میر علی حسن زہری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ میرا ایک اپنا آفیشل میڈیا سیل ہے جس کے ذریعے میرے بیانات جاری کئے جاتے جبکہ جھوٹی خبریں پھیلانا مخالفین کا منفی پروپیگنڈہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا منفی استعمال سے مخالفین کو کچھ حاصل نہیں ہوگاکیونکہ مخالفین نے سیاست میں مقابلہ کرنے کی بجائے ہمیشہ ذاتیات اور غیر اخلاقی منفی ہتھکنڈوںکا استعمال کیا ہے جسے حب کے عوام پہلے ہی رد کر چکے ہیں ۔ ایسے منفی پروپیگنڈہ سے عوام کے دلوں میں ہماری محبت کم نہیں کی جا سکتی ۔

میر علی حسن زہری نے کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہمیں اللہ تعالی نے عوام کی خدمت کے لئے چنا اور اپنی بساط کے مطابق عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔اس وقت ضلع بھر میں سینکڑوں عوامی مفادات کے ترقیاتی منصوبوں پر عمل تیزی سے جاری ہے ۔ ان منصوبوں میں سے اکثر مکمل ہو چکے ہیں اور عوام ان سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ بہت سارے منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ یہی وجہ ہے کہمخالفین اور ان کے زرخرید حواری منفی پروپیگنڈہ اور الزامات پر اتر آئے ہیں ۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ عوام نے ہم پر جو بھروسہ اور اعتماد کیا ہے ہم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل اور دیرپا ترقی کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں اور ضلع حب کوتیز رفتار اور دیرپا ترقی کی راہ پر گامزن کریں ۔ ہمارے دروازے اپنے عوام کے لئے ہر وقت کھلے ہیں ۔

ہم اپنے عوام کی خدمت اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور یہ سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری و ساری رہے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حب کے عوام مخالفین کے منفی ہتھکنڈوں، جھوٹے اور بے بنیاد الزامات اور پروپیگنڈہ پر دھیان نہیں دھریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *