|

وقتِ اشاعت :   February 22 – 2025

کراچی:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کی زرداری ہاؤس کراچی میں اہم ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی میر منور علی تالپور بھی موجود تھے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے زرداری ہاؤس میں فریال تالپور اور اپنے والد کے دیرینہ دوست میر منور علی تالپور سے ملاقات کی جس میں بلوچستان کی ترقی اور سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی

انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے بلوچستان کے لیے ویژن کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے منشور کے تحت بلوچستان کے عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہیں پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنماء محترمہ فریال تالپور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں قوم درپیش چیلنجز پر قابو پانے میں جلد کامیاب ہوگی

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنے سابقہ دورِ صدارت میں “آغاز حقوق بلوچستان” اور سی پیک جیسے انقلابی منصوبے متعارف کرائے جو صوبے کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوئے اور ہمیں امید ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں پارٹی وژن کے مطابق صوبے کی ترقی اور عوام کی بہبود کے لئے اقدامات کا تسلسل جاری رکھے گی۔