|

وقتِ اشاعت :   4 hours پہلے

کوئٹہ:گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اچھی طرز حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ سرکاری دفاتر کے روایتی طریقہ کار کو بہتر بنائیں، خامیوں کو دور کریں اور متعلقہ آفیسران کو موجودہ عوامی ضروریات کیلئے جوابدہ بنائیں۔

دفاتر کے طریقہ کار میں اصلاحات متعارف کرانے کیلئے ہمیں سماجی مسائل اور عوامی شکایات کے فوری حل پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی تاکہ تمام شہریوں خاص طور پر دورافتادہ اضلاع کے عوام کو قیمتی وقت و توانائی ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔ تاخیر کے عمل کو ختم اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کرنے سے ہمارے وسائل بچنے کے ساتھ ساتھ عوام کا اعتماد بھی مزید بڑھ جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج گورنر ہاوس کوئٹہ میں نوشکی، ژوب اور لورالائی کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا.

اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہماری کل آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے لیکن ان کی صلاحیتوں کو قومی مفاد میں بروئے کار لانا ایک چیلنج بھی ہے. ایک جامع حکمت عملی وضع کرنے سے ہی نوجوانوں کو کوالٹی ایجوکیشن دلوانے، جدید مہارتیں سکھانے اور ان کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے عمل کو ممکن بنایا جا سکتا ہے.

گورنر بلوچستان نے کہا کہ روز اول سے ہی ہم نے گورنر ہاوس کے دروازے عوام کیلئے کھول رکھے ہیں. روزانہ کی بنیاد پر ہم عوام کو غور اور توجہ سے سنتے ہیں اور ان کی درپیش مسائل ومشکلات کو حل کرنے کیلئے گورنر ہاؤس اینڈ سیکرٹریٹ کی پوری ٹیم متحرک ہے. البتہ یہ بات یقینی ہے کہ سرکاری دفاتر کے سامنے عوام کو طویل قطاروں اور غیرضروری تاخیر کے عمل کو ختم کر کے ہم عوام کیلئے آسانیاں پیدا کر سکتے ہیں. گورنر بلوچستان نے تمام اعلیٰ سرکاری افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں، نرم رویے، خدمت خلق کا جذبہ اور توجہ سے سننے کی مثال دیکر آپ اپنے اثرات کو مزید بڑھا سکتے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *