کوئٹہ:جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور جنرل سیکرٹری مولانا آغا محمود شاہ نے جامعہ حقانیہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامعہ دارالعلوم اکوڑہ خٹک میں بزدلانہ دہشت گردی، علماء و طلبہ کا خون بہانے والے وحشی درندے ہیں
، مولانا حامد الحق حقانی کی شہادت امتِ مسلمہ کے لیے عظیم سانحہ، علم و دین پر کھلا حملہ حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت نے ملک کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، دینی مراکز اب محفوظ نہیں ۔یہ بات انہوں نے اپنے مشترکہ مذمتی بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا حامد الحق حقانی ایک نڈر، باوقار، محب وطن اور اسلام کے سچے خادم تھے، ان کی شہادت ناقابل تلافی المیہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسی ریاست ہے جہاں مساجد و مدارس خون میں نہلائے جا رہے ہیں، اسلام دشمن قوتیں کھلی چھوٹ پر ہیں مدارس پر حملے کھلی جنگ کا اعلان ہیں، حکومت اور ریاستی ادارے اپنی ذمہ داریوں سے مجرمانہ غفلت برت رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بڑھتے واقعات، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو مسلسل نشانہ بنانا ایک گہری سازش ہے علم و دین کے قلعے مٹانے کے خواب دیکھنے والے جان لیں، مدارس کے چراغ خون سے بھی جلتے رہیں گے حکومت دہشت گردوں کے سامنے بے بس، معصوم جانوں کا مزید خون برداشت نہیں کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے کارکن، علماء و طلبہ زخمیوں کے علاج اور امداد کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں، خون کے عطیات دیے جائیں شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
Leave a Reply