کوئٹہ:صوبائی امیر جمعیت علماء اسلام بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع، صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا سید آغامحمود شاہ اور صوبائی مجلس عاملہ کے اراکین نے زہری واقعے میں جے یو آئی کے رہنماؤں کی شہادت کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر قاتلوں کی گرفتاری اور انہیں کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
یہاں جاری کردہ ایک بیان میں جمعیت علماء اسلام کے رہنمائوں نے کہا کہ بلوچستان میں خون بہایا جا رہا ہے، مگر حکمران بے حس تماشائی بنے بیٹھے ہیں رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے کے آغاز میں جے یو آئی کے رہنماؤں کی شہادت ایک ناقابلِ برداشت سانحہ ہے، وڈیرہ عبدالخالق مرحوم اور ان کے شہید فرزند وڈیرہ غلام سرور موسیانی کی قربانیاں جے یو آئی کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی ان کی جماعتی خدمات گرانقدر تھیں، اور ان کی شہادت دشمنوں کی بزدلانہ کارروائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وڈیرہ غلام سرور موسیانی اور مولوی امان اللہ موسیانی جیسے عظیم رہنما کی شہادت ناقابلِ برداشت ہے انہوں نے اپنی پوری زندگی جماعتی نظم کے تحت اسلاف کے نقشِ قدم پر استقامت اور ثابت قدمی کے ساتھ گزاری وہ حق و سچ کے عَلَم بردار تھے،جمعیت علماء اسلام کسی بھی صورت اپنے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی یہ جماعت ہمیشہ باطل قوتوں کے خلاف میدانِ عمل میں رہی ہے،
حکومت ہمارے شہداء کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرے ہمارے جذبات کے ساتھ کھیلنے کی کوشش نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے بارہا بلوچستان میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، مگر حکومت بے حسی، نااہلی اور بے بسی کی تصویر بنی ہوئی ہے۔ حکمرانوں کو صرف ایک سانحے کے بعد دوسرے سانحے کا انتظار رہتا ہے، یہ مجرمانہ غفلت ناقابلِ معافی ہے،
Leave a Reply