کوئٹہ : چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے جمعہ کے روز سول سیکرٹریٹ لان میں درخت لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ در خت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔
ماحول کو خوشگوار اور آلودگی سے پاک بنانے کے لئے معاشرہ کے ہر فرد کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے چاہیے۔
عوام میں شجر کاری سے متعلق خاص آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے تا کہ ان میں پودے لگانے کا زیادہ سے زیادہ شوق پیدا ہو اور زیادہ سے زیادہ درخت اور پودوں کو لگا کر اپنے صوبے کو سرسبز و شاداب بنا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ شجر کاری کیلئے ماحول دوست پودوں کا انتخاب کا انتخاب کیا جائے جو صوبے کے موسم کے مطابق ہوں اور مہم کے دوران لوگوں کو شجر کاری کی اہمیت اور ماحول پر سبزے کے مفید اثرات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائے،
انہوں نے کہا کہ ماحولیات، قدرتی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے جنگلات کے پھیلاو اور درختوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ شجر کاری ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز بلوچستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم ایک اجتماعی کوشش ہے، جس میں ہر فرد کا کردار اہم ہے۔ آئیے مل کر اپنے ملک و صوبے کو سرسبز و شاداب بنائیں اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر مستقبل کی بنیاد رکھیں۔