|

وقتِ اشاعت :   March 11 – 2025

موجودہ دور جدید ٹیکنالوجی کا ہے اس کے بغیر دفاعی، صنعتی، اقتصادی، سماجی، اور ثقافتی ترقی نا ممکن ہے۔
دنیا کے ترقی یافتہ ممالک نے بیشتر سرمایہ کاری جدید ٹیکنالوجی پرکی ہوئی ہے جس کی وجہ سے دن بہ دن وہ ترقی کی دوڑ میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
نجی شعبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اپنے نوجوان طبقہ کو جدید علمی مہارت سے آراستہ کرکے ان کیلئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے ساتھ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں جدت لاکر سرمایہ بھی کمارہے ہیں ،آج ان کی معیشت آسمان کی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔
موجودہ دور میں کسی بھی ملک کی ترقی اس کی علمی اور فنی مہارتوں پر منحصر ہے اور جدید ٹیکنالوجی اس میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
ٹیکنالوجی کا استعمال کسی بھی ملک کی ترقی میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
پاکستان کی بڑی تعداد نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کی ترقی کیلئے قیمتی اثاثہ ہیں۔
ملک کے نوجوانوں کو تخلیقی صلاحیتوںاور جدید خیالات سے لیس کرنے سے ان کیلئے روزگاراور خود کفالت کے مواقع میسر آئینگے جبکہ ساتھ ہی ہمیں ہر شعبے میں موجودہ دور کے تقاضوں کو اپناتے ہوئے جدت لانی ہوگی تاکہ ملک معاش سمیت دیگر شعبوں میں ترقی کرسکے۔
پاکستان میں تحقیق و ترقی پر بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے اس سے معیشت مضبوط و مستحکم ہونے کے ساتھ عوام کی معیار زندگی میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔
جدید ٹیکنالوجی ہی معاشی ترقی کی ضامن ہے جس کیلئے موجودہ حکومت کی جانب سے اقدامات خوش آئند ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے فروغ اور ڈیجیٹل انقلاب میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت نوجوانوں کو آئی سی ٹی ٹریننگ کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے وفد نے بھی شرکت کی۔
نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران گزشتہ سال چین میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے ساتھ طے معاہدوں پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔
ہواوے ٹیکنالوجیز کے وفد نے پاکستان میں جدید تربیتی پروگرام کے لیے عزم کا اظہار کیا۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ 3 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آن لائن تربیت فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے آئی ٹی ٹریننگ کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے فروغ اور ڈیجیٹل انقلاب میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے۔
حکومت نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرنے کے لیے ہرممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہواوے کے آئی سی ٹی ٹریننگ پروگرام سے نوجوانوں کو روزگار کے حصول میں مدد ملے گی۔
بہرحال حکومت کے اس منصوبے سے تجارت سمیت دیگر شعبوں میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔
نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے سے انہیں ملک سمیت بیرونی ممالک میں روزگار کے مواقع میسر آئینگے۔
حکومتی پالیسیوں کا تسلسل ترقی کے منازل طے کرنے میں مدد دے گی جو پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی دوڑ میں شامل کرنے کا سبب بنے گا۔