پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران صدر آصف علی زرداری نے ملک میں معاشی استحکام پر حکومتی اقدامات کو سراہا جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتی آبادی کے چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نمٹنے اور دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے معاملے پر یکطرفہ فیصلے کے بجائے تمام اکائیوں کو ساتھ لیکر چلنے کا مشورہ دیا۔
صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری سکیورٹی فورسز نے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے، ہم دہشت گردی کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
ہمیں پاکستان کے بہترمستقبل کے لیے عزم کے ساتھ کام کرنا ہے، ہمیں ملک میں گڈ گورننس اورسیاسی استحکام کوفروغ دینا ہے اور اپنے جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے مل کرکام کرنا ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ایک سال کے دوران ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے، پالیسی ریٹ میں کمی، زرمبادلہ میں ریکارڈ اضافہ خوش آئند ہے، ملک کو معاشی ترقی کے مثبت راستے پر ڈالنے کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہتا ہوں، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ ہوا، اسٹاک مارکیٹ بھی تاریخی بلند سطح پر پہنچ گئی، حکومت نے پالیسی ریٹ کو 22 فیصد سے کم کر کے 12 فیصد کردیا، دیگر معاشی اشاریوں میں بھی بہتری آئی ہے لیکن ہمیں عوامی خدمت کے شعبے پربھرپورتوجہ دینا ہوگی اور ٹیکس کے نظام میں مزید بہتری لانا ہوگی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پرخصوصی توجہ دینی ہوگی۔
ہماری عوام نے اپنی امیدیں پارلیمنٹ سے وابستہ کر رکھی ہیں، ہمیں عوام کی توقعات پر پورا اترنا چاہیے، جمہوری نظام مضبوط کرنے، قانون کی حکمرانی پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے محنت کی ضرورت ہے، پاکستان کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مزید محنت کرنا ہوگی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ملکی اور علاقائی روابط خوشحال پاکستان کے لیے بنیادی حیثیت کے حامل ہیں، ایک مضبوط اور موثرٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر،روڈ نیٹ ورکس اور جدید ریلوے کی ضرورت ہے، بلوچستان اور گلگت بلتستان پاکستان کی اسٹریٹجک سرحدیں ہیں جو ہماری قومی معیشت کے لیے ناگزیر ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے ملکی اورعلاقائی صورتحال پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
موجودہ حالات کے پیش نظر ان بنیادی نکات کو اٹھایا جن کا مقصد ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنا ہے۔
امن اور خوشحالی سمیت اکائیوں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی ملک کو مستحکم و مضبوط کرے گی۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تعلقات کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہئے تاکہ سیاسی استحکام کے ذریعے معاشی ترقی کے اہداف نہ صرف حاصل کئے جاسکیں بلکہ اس کے ثمرات سے عوام براہ راست مستفید بھی ہوسکیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب ،امن خوشحالی اور سیاسی استحکام کا پیغام

وقتِ اشاعت : 5 hours پہلے
Leave a Reply