|

وقتِ اشاعت :   6 hours پہلے

ڈیرہ مراد جمالی :  ایس ایس پی نصیراباد غلام سرور بھیو نے کہا کہ نصیرآباد پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 8 کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا ہے،

جو 23 مارچ کے موقع پر کسی بڑی تخریبی کارروائی کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

یہ بات انہوں نے تھانہ ڈیرہ مراد جمالی میں پولیس آفیسران و اہلکاران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر قائم مقام ایس ڈی پی او سرکل سٹی محمد یاسین جمالی، ایس ایچ او سٹی انسپکٹر ذوالفقار علی پندرانی، ایڈیشنل ایس ایچ او سب انسپکٹر عابد حسین لغاری، پی آر او فیروز کے بی منگی، ہیڈ محرر ولی محمد رند سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

ایس ایس پی نصیرآباد غلام سرور بھیو نے کہا کہ انٹلیجنس اداروں کی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی محمد یاسین جمالی کی سربراہی میں ایس ایچ او سٹی انسپکٹر ذوالفقار علی پندرانی اور دیگر افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی،

جس نے پولیس تھانہ سٹی کی حدود پٹ فیڈ پل، چھکڑا محلہ میں اسپیشل برانچ کے اہلکاروں کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے جھاڑیوں میں چھپایا گیا 8 کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے یومِ پاکستان کے موقع پر علاقے میں بدامنی پھیلانے کا مذموم منصوبہ بنایا تھا، جسے نصیرآباد پولیس نے مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے ناکام بنا دیا۔جبکہ دوسری کارروائی میں ایس ایچ او سٹی انسپکٹر ذوالفقار علی پندرانی کے مخبر خاص کی اطلاع پر ایس ایچ او سٹی نے ناکہ نواب شہید پر ناکہ بندی لگا کر مضر صحت چھالیہ پان مقدار 40 کٹہ جس کی مارکیٹ میں لاکھوں روپے قمیت بنتی ہے برآمد کرکے ملوث دو ملزمان میر حسن ولد لعل اور شعبان ولد سچل اقوام منگھڑہار کو گرفتار کرکے زیر استعمال دو شہروز گاڑیوں کو بھی نصیرآباد پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سٹی پولیس نے مغوی محمود اکبر ولد محمد اکبر قوم سولنگی ساکن سبی کو لانگہ محلہ سے بازیاب کرکے ملوث ملزمان خان محمد ولد عبدالرشید قوم سومرو اور نصیر احمد ولد میر خان قوم بھنگر کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی جبکہ کمسن بچے سے زیادتی کے کیس میں ملوث دو ملزمان شفیع محمد ولد ولی محمد اور عزیز اللہ ولد حفیظ اللہ اقوام سرمستانی کو پابند سلاسل کرکے مضبوط چالان کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جاسکے۔

ایس ایس پی نصیرآباد غلام سرور بھیو نے مزید کہا کہ نصیرآباد پولیس امن و امان قائم رکھنے کے لئے ہمہ وقت الرٹ اور مستعد سماج دشمن عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیے ہوے ہیں، ایک سوال کے جواب میں ایس ایس پی نصیرآباد غلام سرور بھیو نے کہا کہ مشتمل پولیس ٹیم میں شامل آفیسران و اہلکاران کو سی سی 1 ایوارڈ کے ساتھ انعام دینے کی حکام بالا سفارت کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *