|

وقتِ اشاعت :   23 hours پہلے

تربت:  بی ایس او پجار کے مرکزی ترجمان نے اپنے سخت ردعمل میں کراچی کے مختلف بلوچ آبادی والے علاقوں میں جاری آپریشن اور اس کے نتیجے میں بلوچ عوام پر ہونے والے ظلم و جبر کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس اور رینجرز کی جانب سے ماری پور، یونس آباد، ماچھی پورا اور دیگر علاقوں میں گھروں پر چھاپے مارنا اور معصوم خواتین، بچوں، اور بزرگوں پر تشدد کرنا ناقابل قبول ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ آپریشن انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، جس میں معصوم شہریوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا جا رہا ہے۔

گھروں کو مسمار کرنا اور شہریوں کو بلاجواز نشانہ بنانا حکومت کی بربریت کی واضح مثال ہے۔ اس کے نتیجے میں عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل چکا ہے۔آپریشن کے دوران بچوں اور بزرگوں کے زخمی ہونے کی بھی شدید مذمت کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کی کارروائیاں صرف عوام کے اندر مزید غصہ اور بغاوت کو جنم دیتی ہیں بی ایس او پجار نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوراً بلوچ عوام پر ہونے والے مظالم کا سلسلہ بند کرے اور غیر قانونی طور پر گرفتار شدہ افراد کو رہا کرے۔

بی ایس او پجار نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ بلوچ عوام کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ہر سطح پر کیا جائے گا۔ تنظیم نے کہا کہ ہم اپنی قوم کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس جدوجہد کو ہر ممکن پلیٹ فارم پر جاری رکھیں گے تاکہ بلوچ عوام کو ان کے جائز حقوق مل سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *