بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت ہے اس وقت بلوچستان میں سب سے بڑا اور اہم چیلنج قیام امن کا ہے جس پر وفاق اور صوبائی حکومت کی مکمل توجہ ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو معمول پر لانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں جس میں صرف طاقت کا استعمال نہیں بلکہ بلوچستان میں عام لوگوں کی ترقی اورخوشحالی بھی شامل ہے اس حوالے سے متعدد منصوبوں کا آغاز بھی کیا گیا ہے،
نوجوانوں کو ہنر مند بنانا، آکسفورڈ یونیورسٹی جیسے دنیا کے سب سے اعلیٰ تعلیمی ادارے میں بلوچستان کے نوجوانوں کو اسکالر شپ دینا، میگا منصوبوں میں روزگار کی فراہمی سمیت دیگر بنیادی مسائل کا حل اور مزید ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کرنا، کاروبار کو وسعت دینا، زراعت کے شعبے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے زمینداروں کو ریلیف فراہم کرنا شامل ہے۔
بلوچستان میں 2008ء کے دور میں پیپلز پارٹی نے اپنی مخلوط حکومت کے ذریعے این ایف سی ایوارڈ دیا، بلوچستان پیکج میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کو روزگار فراہم کیا۔
اب صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید الفطر کے بعد بلوچستان میں ایک خصوصی کیمپ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ عوام کی شکایات اور تجاویز سنی جا سکیں۔
صدرآصف علی زرداری نے اسلام آباد میں اہم قومی سلامتی کمیٹی این ایس سی کے اجلاس کے ایک روز بعد بدھ کو کوئٹہ کا ایک روزہ دورہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ریاست کا دہشت گردی کے بارے میں موقف واضح ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کوئٹہ میں امن و امان کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے انسداد دہشت گردی ونگ کو جدید ہتھیار فراہم کیے جائیں گے۔
یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب قومی سلامتی اور صوبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی کوششوں پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری کے ساتھ عوامی مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے اور بڑے پروجیکٹس میں بلوچستان کو ترجیح دی جائے تاکہ بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہوسکے ،دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان بھی ترقی کی دوڑ میں شامل ہوسکے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری عید الفطر کے بعد بلوچستان میں اہم بیٹھک لگائیں گے یقینا بلوچستان کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقات کرینگے بلوچستان کی بہتری کیلئے تجاویز لینگے جس سے بلوچستان کے حالات میں بہتری آ نے کی امید کی جاسکتی ہے۔
Leave a Reply