بلوچستان کے علاقے قلات میں دو مسافر بسوں کے آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں 6 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 20 شدید زخمی ہوئے۔
لیویز فورسز نے بتایا کہ کوئٹہ سے کراچی اور کراچی سے کوئٹہ جانے والی دو مسافر بسیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد جاں بحق اور دیگر زخمی ہوئے۔
زخمیوں اور جاں بحق افراد کو قلات ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پاکستان شماریات بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق 2021 میں پاکستان بھر میں سڑک حادثات میں 5 ہزار 608 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
خاص طور پر کراچی جیسے شہروں میں سڑک کے حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ درج کیا گیا ہے جہاں ہسپتال کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں 500 افراد جاں بحق اور 4 ہزار 879 زخمی ہوئے تھے۔
کراچی میں ڈمپر اور ٹینکرز کے بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور شہریوں کی ہلاکتوں پر احتجاج کے باعث حال ہی میں بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی کے قوانین کا نفاذ کیا گیا ہے۔
گزشتہ ماہ حکومت سندھ نے دن کے وقت بھاری گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد کی تھی، انہیں صرف رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک چلانے کی اجازت تھی۔
ڈمپر ٹرکوں کے ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے درمیان حکومت سندھ نے کراچی میں تمام بھاری گاڑیوں کے لیے فزیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا ہونا لازمی قرار دے دیا ہے۔
انسانی حقوق کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے کہا ہے کہ شہر میں مہلک سڑک حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کی ناقص صورتحال انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے جس کی حفاظت میں ریاست ناکام رہی ہے۔
Leave a Reply