|

وقتِ اشاعت :   2 days پہلے

وفاقی حکومت نے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے میچوں کی سیکیورٹی کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کےفیصلےکے تحت وزارت داخلہ نے احکامات جاری کردیے ہیں، پاک فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت اور سیکیورٹی اور پروٹیکشن ڈیوٹیز کے لیےہوگی۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج کی تعیناتی کے لیے کابینہ ڈویژن،صوبائی حکومتوں اور چیف کمشنراسلام آباد نے وفاقی حکومت سے درخواست کی تھی، سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی انسداد دہشتگردی ایکٹ1997 کے تحت ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ویمن کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائیر 2025 کے لیے بھی پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی ہوگی۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا، جس میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

ایونٹ کے میچ کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور شائقین 37 دنوں میں کل 34 میچوں سے لطف اندوز ہوں گے۔

پاکستان سپر لیگ 10 کا فائنل 18 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل کا افتتاحی میچ 11 اپریل کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم افتتاحی میچ سمیت 11 میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ قذافی اسٹیڈیم 18 مئی کو ہونے والے فائنل سمیت 13 میچوں کی میزبانی کرے گا۔

کراچی اور ملتان 5،5 میچوں کی میزبانی کریں گے جبکہ پشاور میں 8 اپریل کو نمائشی میچ کا انعقاد کیا جائے گا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *