|

وقتِ اشاعت :   April 8 – 2025

کوئٹہ:  ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد کی زیر صدارت غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین (ACC کارڈ ہولڈرز) کے انخلا کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں محکمہ پولیس، ایف سی، نادرا، مردم شماری، این ایچ سی آر کے افسران اور تمام سب ڈویژنز کے اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں افغان مہاجرین کے انخلا کے عمل میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔جس کے لیے تمام تر تیاریوں کا تفصیلی جائزہ اور موجودہ کمی و بیشی کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے ہدایت جاری کی کہ شہر کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی افغان مہاجرین کے خلاف کارروائیاں تیز کریں۔

گرفتار مہاجرین کو ڈی سی آفس منتقل کیا جائے گا جہاں ان کی جانچ پڑتال کے بعد رجسٹریشن کر کے انہیں ڈی پورٹ کیا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ (POR) کارڈ ہولڈرز کو فی الحال چھوڑ دیا جائے گا کیونکہ ان کی مدت میں جون تک توسیع کی گئی ہے۔

اس کے علاؤہ پولیس اور ایف سی مشترکہ کارروائیاں کریں گی اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

اجلاس میں افغان مہاجرین کو لے جانے کے لیے درکار ٹرانسپورٹ کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ارسال کریں، اور اگر کسی قسم کی کمی، مسئلہ یا غفلت کا سامنا ہو تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *