اسلام آبا د: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل دھرنوں سے حل نہیں ہوں گے،
احتجاج کرنے والے رہنما اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں اور بات چیت کا راستہ اپنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ سیاست ایک مسلسل عمل ہے لیکن ریاست کو کمزور نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ احتجاج کرنے والے رہنما بات چیت کا راستہ اپنائیں۔ وفاقی وزیر نے اختر مینگل کو مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے بھائی ہیں اور انہیں عوام کے مفاد میں سوچنا چاہیے۔
خالد حسین مگسی نے کہا کہ صوبائی حکومت اور ریاست اپنی رٹ قائم رکھنے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہیں اور وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست چلتی رہتی ہے لیکن ریاست اپنا کام جاری رکھے گی۔
پریس کانفرنس میں خالد حسین مگسی نے بتایا کہ سابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سردار اختر مینگل سے ملاقات کی ہے اور وہ خود بھی ان سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں حالات بدلتے رہتے ہیں اس لیے موجودہ صورتحال کے پیش نظر اختر مینگل کو اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرنی چاہیے۔
Leave a Reply