کوئٹہ : صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے مستونگ میں پولیس پر ہونے والے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس افسوسناک واقعے کو ریاستی اداروں پر حملہ اور قومی سلامتی کے خلاف سازش قرار دیا ہے۔
سردار کھتیران نے کہا کہ پولیس پر حملہ امن دشمنوں کی بزدلانہ کارروائی ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی اداروں پر حملہ ناقابلِ برداشت ہے اور ایسے عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی ناگزیر ہے۔
انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور امن و امان کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
سردار عبدالرحمن کھتیران نے کہا کہ پوری قوم کو ریاست مخالف عناصر کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے حکومت اور عوام ایک پیج پر ہیں۔
آخر میں انہوں نے مستونگ دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
Leave a Reply