امریکی اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال ہونے کے معاملے پر حکومت نے وفد امریکا بھیجنے کا اعلان کردیا۔
وزیرمملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے پروگرام ’ دوسرا رخ ’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال ہونے کے معاملے پر اسلام آباد میں جون میں سیکیورٹی ڈائیلاگ ہو رہا ہے۔
وزیرمملکت نے کہا کہ امریکی اعلی حکام اس سیکیورٹی ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے اور ایک سیر حاصل گفتگو ہوگی کہ اس (اسلحے کے استعمال) کا کیا راستہ نکالا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے خصوصی طور پر یہ ایجنڈا رکھا گیا ہے کہ افغانستان سے امریکی اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہا ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ جیسے امریکی کانگریس کے اراکین کا وفد آیا تھا اسی طرح پاکستان سے وفد امریکا جائے گا جس کی قیادت احسن اقبال کریں گے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں چھوڑے گئےامریکی اسلحے کے پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتوں میں استعمال ہونے کے شواہد سامنے آتے رہے ہیں۔
رواں سال 4 مارچ کو بنوں کینٹ پر دہشت گردانہ حملے میں بھی دہشت گردوں کی جانب سے امریکی اسلحہ استعمال کرنے کے شواہد سامنے آئے تھے۔
حال ہی میں امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی تحقیقات میں پتا چلا کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین پر گزشتہ مہینے حملہ کرنے والے دہشت گردوں نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد چھوڑے گئے ہتھیاروں کا استعمال کیا۔
Leave a Reply