پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کو اعلان جنگ قرار دے دیا۔
سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے پاکستان کے خلاف یکطرفہ بھارتی اقدامات پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو مؤثرانداز میں یہ معاملہ عالمی فورم پر اٹھانا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بھارت یہ کر نہیں سکتا، سندھ طاس معاہدہ بین الاقوامی معاہدہ ہے، عالمی بینک اس معاہدے کا ضامن ہے، پورا ایک طریقہ کار ہوتا ہے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ حکومت کا مؤثر انداز میں یہ معاملہ عالمی فورم پر اٹھانا چاہیے، بھارتی اقدام تو اعلان جنگ ہے اور وہ ہماری زمینیں بنجر کرنا چاہتا ہے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بھارت کا یہ فیصلہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہمارا ہے ہم کسی طور اس کو جھکنے نہیں دیں گے، پاکستان کے دفاع کیلئے ہم ہر حد تک جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سنجیدہ ہے تو بانی پی ٹی آئی سے بھی بات کرے اور انہیں جیل سے باہر نکال کر یکجہتی پیدا کی جائے۔
Leave a Reply