|

وقتِ اشاعت :   7 hours پہلے

ژوب/ شیرانی :  پشتونخواملی عوامی پارٹی ژوب شیرانی کے زیر اہتمام حکومت کی طرف سے افغان کڈوال کی جبری بے دخلی اور مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیلی ظلم اور بربریت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ شہر کے مختلف سڑکوں سے ہوتا ہوا پریس کلب ژوب کے سامنے ایک احتجاجی جلسے میں تبدیل ہوا۔

جس سے خطاب کرتے ہوے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جمال صاحب، مرکزی کمیٹی ممبر عبید اللہ حریفال اور تحصیل سنیئر معاون سیکرٹری جمعہ ساری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1978 میں افغانستان میں ایک انقلاب کے ذریعے تبدیلی رونما ہوئی مگر جنرل ضیا ء نے امریکی ایماء پر اس کو ناکام بنانے میں روس کے خلاف امریکی ایما پر جہاد کے نام پر جنگ کا آغاز کیااور مہاجر اور انصار کے نام پر ان لوگوں کو اپنے گھروں سے بے دخل کیا اور یہاں کیمپوں میں آباد کیا۔

 ان کیمپوں کے ذریعے ان کو افغانستان میں لڑایا، ان کی کم سے کم دو نسلوں کو تعلیم جیسے زیور سے محروم رکھاان ہی افغان کڈوال کے ذریعے ہمارے زراعت کو فروغ ملا،صدیوں سے ہماری غیر آباد زمینیں آباد ہوئیں اور انہی افغان کڈوال کے نام پر حکومت نے UNHCR کے ذریعے دنیا جہاں سے پچھلے 45 سال سے اربوں روپے فنڈ وصول کیے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں پناہ گزینوں کے لیے ایک قانون ہے جس کے ذریعے اس کو اپنے ملک بلایا جاتا ہے مگر ناترس ریاست بہت قلیل وقت دے کر زبردستی نکال رہی ہے۔

دنیا جہان کا قانون ہے کہ جس ملک میں جو کوئی بچہ پیدا ہوتا ہے اس کو وہاں کی شہریت مل جاتی ہے ان افغان کڈوال کی تین نسل یہاں پیدا ہوئیں ان بچوں کو ہر حال میں شہریت دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جابر ریاست کا مظلوم فلسطینی عوام پر ظلم جاری ہے۔

پورے غزہ شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کیا گیاہے ہزاروں فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے اور لاکھوں کو بے گھر بنا دیا گیا ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ آج تک اسلامی ممالک کے اتحاد OIC کا اجلاس نہیں بلایا گیا اور نہ اس ظلم کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی ہے اور نہ ہی اس سنگین مسئلے پر کسی عالمی سطح پر احتجاج کیا گیا ہے ۔

انہوں نے اسلامی ممالک کے سربراہان سے مطالبہ کیاکہ فوری طور پر OIC کا اجلاس بلایا جائے اور اسرائیل کے خلاف سخت فیصلے کیئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی سال کا آغاز ہو چکا ہے لیکن سینکڑوں سکول مکمل بند جبکہ اکثر سکول غیر فعال ہیں ۔

چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے کوئی چور نہیں پکڑا گیا اور ضلع بھر میں تمام بڑے تعمیراتی منصوبوں کے ٹھیکے بااثر افراد کو دیے گئے ہیں

جو ایڈوانس میں رقم وصول کرکے کام ادھورا چھوڑ دیتے ہیں جو عوام کیلئے اذیت بن جاتے ہیں ان مسائل کو فوری طور حل کرنے کے لیے متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داری پوری کرے ورنہ پارٹی ہر قسم پر امن احتجاج کے ساتھ قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہیں۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *