|

وقتِ اشاعت :   5 hours پہلے

کوئٹہ :  پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو جدیدسفری سہولیات کی فراہمی اقدامات اٹھارہی ہے، کوئٹہ شہر کیلئے گرین بسوں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے اسکے روٹس کو توسیع دی جارہی ہے جبکہ خواتین اوربچیوں کیلئے 5پنک بسیں چلائی جائیں گی،

قومی شاہراہوں پر حادثات کی روک تھام کیلئے ہم سب کو ملکر اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔یہ بات انہوں نے پیر کو سکندر جمالی آڈیٹوریم میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کی۔

سیمینار سے ڈی آئی جی موٹر ویزاشفاق احمد خان،سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات خان کاکڑ، ڈی جی ٹریفک انجینئرنگ بیورو ڈاکٹر سجاد، سی ای او پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ڈاکڑ فیصل،ٹرانسپورٹرز وحید خان کاکڑ، لالا سعید لہڑی، حاجی نورمحمد شاہوانی، سماجی کارکن ضیا الرحمن اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ صوبائی حکومت قومی شاہراہوں کی تعمیر سمیت عوام کو جدید سفرکی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے

وزیراعلی بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی ذاتی کوششوں کی بدولت وفاقی حکومت نے این 25چمن، کوئٹہ ،کراچی قومی شاہراہ کو موٹروے کی طرز پر تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے

جس سے عوام کو سفر کی بہترسہولت میسرآئیگی۔

انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں ہمیں چاہئے کہ قومی شاہراہوں پر تیزرفتاری اورغلط ڈرائیونگ سے اجتناب کریں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کا اصل مقصد مسافروں کے تحفظ اورانکے لئے باوقار سفری سہولیات فراہم کرنا ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جتنے بھی اچھے روڈ بنالیں جدید سے جدید گاڑیاں متعارفکروائیں جب تک عوام اور ڈرائیورحضرات کو سفری قوانین سے متعلق شعور وآگاہی نہیں ہوگی یا ان قوانین کی ہم پاسداری نہیں کریں گے تب تک ہم سفراور قیمتی جانوں کو محفوظ نہیں بناسکتے ہیں۔

میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میرسرفراز بگٹی اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ کی کوششوں سے ہم کوئٹہ شہر کیلئے گرین بسوں کی تعداد میں مزید اضافہ کرتے ہوئے انکے روٹس کو توسیع دینے جارہے ہیں

جس سے کوئٹہ شہر اوردوسرے علاقوں سے آنے والے شہری مستفید ہوسکیں گے۔انہوں نے کہاکہ خواتین اوراسکول و کالجز کی بچیوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلی کے وعدے کے مطابق کوئٹہ شہر میں 5پنک بسیں چلائی جارہی ہیں جس میں صرف خواتین سفر کرینگی جبکہ تربت کے عوام کیلئے 4گرین بسیں مختص کی گئی ہیں۔

ڈی آئی جی موٹرویز اشفاق احمد خان نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اور موٹر ویز پولیس کی کوشش رہی ہے کہ موٹرویز اورقومی شاہراہوں پر حادثات کو کم کیا جائے جس کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں

جس میں بڑی گاڑیوں کے ڈرائیور، شہریوں،اسکولوں اورکالجز کے بچے اور بچیوں کو سفر کومحفوظ بنانے اورحادثات سے بچنے کیلئے لیکچرز دیئے جارہے ہیں شہریوں کو بھی چاہئے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور تیز رفتاری اور غلط ڈرائیونگ سے پرہیز کریں۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات خان کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میرسرفراز بگٹی اور پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی کے وژن کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ شہریوں کو جدیداور محفوظ سفر کی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے اورآج کے سیمینار کا مقصد بھی یہی ہے کہ ٹرانسپورٹرز،شہریوں سے تجاویزلیکر اس پرعملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *