|

وقتِ اشاعت :   5 hours پہلے

گوادر: چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے اہم ترین شہر گوادر میں ماحول دوست ترقی کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت ”سمارٹ انوائرمنٹل سینیٹیشن اینڈ لینڈ فلنگ” منصوبے کے لیے وفاقی حکومت نے تقریباً 200 ملین روپے مختص کر دیے ہیں۔

اس منصوبے کی شمولیت پی ایس ڈی پی میں کی گئی ہے اور سنٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (،CDWP) سے بھی اس کی باقاعدہ منظوری حاصل کی جا چکی ہے۔ منصوبے کی جامع پی سی ون (PC-I) بھی تیار کرلی گئی ہے، جس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے مکمل فزیبلٹی اسٹڈی شامل ہے۔

مجموعی طور پر اس منصوبے کی کل لاگت کا تخمینہ تقریباً 3277 ملین روپے لگایا گیا ہے۔

یہ بات ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی سیف اللّٰہ کھیتران نے ایک نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے تحت شہر میں جدید کچرا کلیکشن، کم کاربن ٹریٹمنٹ، اور سمارٹ کنٹرول سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ گوادر کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، جس سے شہر کا ماحولیاتی معیار بہتر بنانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ روزمرہ پیدا ہونے والے کچرے کے مؤثر انتظام کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے، جس میں کچرا کلیکشن، اسٹوریج، ٹرانسپورٹیشن اور ماحول دوست لینڈ فلنگ سائٹس کا قیام شامل ہے۔

گوادر میں سال بھر سازگار موسمی حالات کی وجہ سے مسقبل میں کچرے سے کمپوسٹنگ، بائیو گیس پیداوار، اور میتھین گیس ریکوری جیسے ماڈرن طریقے اپنانے کے امکانات بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں۔

شہر میں کچرے کی موجودہ صورتحال خاصی خراب ہے، شہر کے وسط ساحل کے قریب کچرا پھینکنے کی وجہ سے فضائی آلودگی میں تشویشناک اضافہ ہو رہا ہے۔

اس منصوبے کا مقصد سمارٹ کلیکشن سسٹم، کم کاربن ویسٹ ٹریٹمنٹ، اور جدید اربن کلیننگ نیٹ ورک قائم کر کے نہ صرف گوادر کا ماحول بہتر بنانا ہے بلکہ مقامی افراد کے معیارِ زندگی کو بھی بلند کرنا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *