|

وقتِ اشاعت :   5 hours پہلے

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا کہ جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کلی بادیزئی مغربی بائی پاس میں بجلی کی مسلسل بندش پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتی ہے ہمارے علم میں یہ بات آئی ہے کہ کلی بادیزئی کے معزز شہری گزشتہ دو ہفتوں سے بجلی کی ظالمانہ بندش کا سامنا کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔

یہ امر نہایت ہی قابل مذمت ہے کہ گرمیوں کے اس شدید موسم میں، جب لوگوں کو پنکھوں اور دیگر برقی آلات کی اشد ضرورت ہوتی ہے، انہیں بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

یہ نہ صرف انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ سراسر ظلم اور ناانصافی کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اس بات پر زور دیتی ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرنا عین قانونی اور ضروری ہے، تاکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے۔

تاہم، کسی مخصوص علاقے میں چند افراد کی مبینہ چوری کی بنیاد پر پورے علاقے کی بجلی بند کر دینا کسی بھی طرح سے قرین انصاف نہیں ہے۔

اس طرح کی اجتماعی سزا سے عام شہری، جن میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں، شدید مشکلات کا شکار ہیں

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ واپڈا کی جانب سے یہ اقدام دانستہ یا غیر دانستہ طور پر اہلیان کلی بادیزئی کو بنیادی سہولت سے محروم رکھنے کے مترادف ہے۔ اس صورتحال کے باعث نہ صرف گھریلو زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی معطل ہو کر رہ گئی ہیں۔

طلباء اپنی تعلیم جاری رکھنے میں مشکلات محسوس کر رہے ہیں اور بیمار افراد کو طبی سہولیات تک رسائی میں دشواری پیش آ رہی ہے

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے قائدین چیف واپڈا سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر کلی بادیزئی مغربی بائی پاس کے عوام کے لیے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

ہم ان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ایسے اقدامات اٹھائیں جن سے عام شہریوں کی مشکلات کا خاتمہ ہو انہوں نے کہا کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ جمعیت علماء اسلام ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی اور کسی بھی قسم کی ناانصافی اور ظلم کے خلاف ڈٹ کر کھڑی رہے گی۔

اگر بجلی کی بندش فوری طور پر ختم نہ کی گئی تو جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ احتجاج کے تمام تر جمہوری اور قانونی راستے اختیار کرنے پر مجبور ہو گی انہوں نے کہا کہ ہم اہلیان کلی بادیزئی کو یقین دلاتے ہیں کہ جمعیت علماء اسلام اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *