کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمدشہی نے کہا ہے کہ یکم مئی کا دن محنت کشوں کے حقوق کے حصول اور استحصال کے خاتمے کی جدوجہد کی حمایت، یکجہتی اور تجدید عہد کا دن ہے
اس دن کی مناسبت سے ہم مزدور تحریک اور محنت کش طبقے کی غیرمتزلزل جدوجہد، قربانیوں اور استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں
دنیا بھر میں کارخانوں سے لے کر بازاروں، آبادیوں اور میدانوں تک محنت کش طبقہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جو اپنے خون و پسینے سے پیداوار، تعمیر اور ترقی کا عمل آگے بڑھاتا ہے
مگر بدقسمتی سے پھر بھی وہاپنے جائز حقوق سے محروم ہیسابق سینیٹر نے یوم مزدور کے پر پیغام میں کہاکہ پاکستان میں بھی ریاستی نظام پر اشرافیہ کا غلبہ اور قبضہ ہے
جس کے باعث محکوم اقوام اور محروم طبقات بدترین استحصال کا سامنا کررہے ہیں ملکی معیشت اور نظام کا پہیہ چلانے والے کسان، مزدور اور ملازمین معاشی، سماجی اور سیاسی استحصال کا شکار ہیں غربت، مہنگائی، بیروزگاری، ناانصافی، لاقانونیت، جرائم، آمریت اور ترقیاتی مواقعوں کی قلت نے محروم طبقات کو استحصال اور پسماندگی کے نہ ختم ہونے والے چکر میں ڈال دیا ہے۔
بلوچستان میں حکمرانوں کی غفلت اور استحصالی پالیسیوں کے سبب زراعت کا شعبہ اور کسان تباہ حال ہیں، سمندر کو ٹرالر مافیا کے حوالے کرکے ماہیگیروں کو روزگار سے محروم کیا جارہا ہے،
کانکنی کا شعبہ مکمل طور پر مقامی لوگوں سے چھین کر مرکز اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے حوالے کیا جارہا ہے، ملازمین اپنے بنیادی حقوق کے لیے آئے روز سڑکوں پر ہیں مگر انکی کوئی شنوائی نہیں اور بارڈر ٹریڈ کی بندش سے ہزاروں محنت کش خاندان نان شبینہ کے محتاج ہو چکے ہیں۔
نیشنل پارٹی عوام کی جماعت ہے جو قومی و طبقاتی جبر اور استحصال کے خاتمے کی علمبردار اور جمہوریت، وفاقیت اور سماجی انصاف پر مبنی نظام کی تعمیر کے لیے کوشاں ہے۔
ہم مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، منصفانہ اجرت کو فروغ دینے، کام کے محفوظ حالات کو یقینی بنانے اور ہر قسم کے استحصال کے خاتمے کیلیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
ہم مزدوروں کی جدوجہد کو تسلیم کرتے ہیں اور مزدوروں، کسانوں، ملازمین، خواتین، اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود اور ان کو بااختیار بنانے کی پالیسیوں کی وکالت اور حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔ کسی بھی ملک کا مستقبل اس کے عوام بالخصوص محنت کشوں کی فلاح و بہبود پر منحصر ہے۔
نیشنل پارٹی قومی، طبقاتی، صنفی اور ہر قسم کے استحصال سے پاک سماج اور نظام کے قیام کیلیے جدوجہد کررہی ہے جہاں سب کو سماجی انصاف، مساوات، خوشحالی، معقول کام، مناسب معاوضہ اور ترقی کے مواقع میسر ہوں۔
Leave a Reply