|

وقتِ اشاعت :   11 hours پہلے

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ترقیاتی منصوبوں میں معیاری صحت، تعلیمی سہولیات، پینے کے صاف پانی اور بجلی کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ حکومت متوازن ترقی کو یقینی بنانے اور عوام کو یہ ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسکولوں میں اساتذہ، ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی عارضی بنیادوں پر تعیناتی، ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی اور کھلی کچہریوں کا انعقاد سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے دستیاب وسائل سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ حکومت اسکولوں کے نظام کو بہتر بنانے اور معیار کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔

حالیہ محکمہ تعلیم میں عارضی بنیادوں پر بھرتیوں سے صوبے میں 2000 کے قریب سکول فعال کئے گئے ہیں جبکہ ایس بی کے بھرتیوں کی تکمیل سے مزید سکولز فعال ہو جائیں گے۔ حکومت نئی تعلیمی پالیسیاں اور منصوبے شروع کر رہی ہے تاکہ صوبے میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تیسرے مرحلے کے لیے اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے خالی آسامیاں مشتہر کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔صوبائی حکومت کا مقصد صوبے بھر میں تمام شہریوں کے لیے صحت کی دیکھ بھال کی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات صوبائی حکومت کی تعلیم اور صحت کے شعبوں کو ترقی دینے اور شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کی سنجیدہ کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں اشیا خوردونوش کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ کوئی سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی نہ کرسکے کیونکہ اس سے براہ راست شہری متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کے عمل کو تیز کیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *