|

وقتِ اشاعت :   5 hours پہلے

کوئٹہ:  ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے اتوار کو کوئٹہ میں مختلف قبائلی عمائدین، دانشوروں، وکلاء اور طلباء کے وفود نے ملاقاتیں کی۔

ملاقات میں ملکی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال، بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں، نوجوانوں کے مسائل اور تعلیمی شعبے میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ملک بھر کی معاشی بحالی، ترقی اور استحکام کے لیے ہمہ جہت کوششیں کر رہی ہے جس میں صوبہ بلوچستان کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور حکومت ان وسائل کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت، روزگار کے مواقع اور قیادت کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

حکومت تعلیمی اداروں کی بہتری، اسکالرشپ پروگرامز، اور ہنر مندی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفود کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل اعلیٰ سطح پر اجاگر کیے جائیں گے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

ملاقات کے اختتام پر شرکاء نے سیدال خان کی قیادت، عوامی خدمات اور بلوچستان کے حقوق کے لیے ان کی جدوجہد کو سراہا۔دریں اثناء ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع چاغی سے تعلق رکھنے والے سابق ایم پی اے سردار عاطف سنجرانی کی کوئٹہ میں واقع رہائش گاہ پر جا کر ان کی مزاج پرسی کی سردار عاطف سنجرانی کا حال ہی میں دل کا کامیاب آپریشن ہوا ہے، جس کے بعد وہ روبہ صحت ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ان کی صحت یابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں نئی زندگی عطا کی ہے جو یقیناً اہلِ خانہ اور عوام کے لیے خوشی کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ سردار عاطف سنجرانی نے اپنے سیاسی کیریئر میں عوامی خدمت کو ہمیشہ اولین ترجیح دی اور ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں مکمل صحت و تندرستی عطا فرمائے تاکہ وہ ایک بار پھر فعال انداز میں عوامی فلاح کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور علاقے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔دوسری طرف ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصرنے پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سابق صوبائی چیف آرگنائزر اور سابق سینیٹر لالا خدائے نور خان کے انتقال پرانکی رہائش گاہ پر جاکرانکے اہل خانہ سے تعزیت اورفاتہہ خوانی بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ لالا خدائے نور خان کی سیاسی و سماجی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ڈپٹی چیئرمین نے مزید کہا کہ مرحوم ایک مدبر، مخلص اور عوامی رہنما تھے جنہوں نے ہمیشہ جمہوریت اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل دے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *