گوجرانوالہ میں جمعرات کی صبح دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد کینٹ کے علاقے میں نصب ایئر ڈیفنس سسٹم متحرک ہوگیا اور ایک بھارتی ڈرون کو نشانہ بنا کر مار گرایا۔
عسکری ذرائع کے مطابق یہ آوازیں اس وقت سنائی دیں جب ایک بھارتی ڈرون نے انتہائی اونچی پرواز کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے گوجرانوالہ کینٹ کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرون شہر کے فضائی حدود میں داخل ہوا تو کینٹ ایریا میں نصب ایئر ڈیفنس نظام نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے اسے نشانہ بنایا۔ عسکری ذرائع کے مطابق یہ کارروائی گوجرانوالہ کینٹ کے قریب کی گئی۔
ذرائع کے مطابق انڈین ڈرون انتہائی اونچی پرواز گجرانوالہ کینٹ کے قریب کر رہا تھا کہ ایئر ڈیفنس سسٹم متحرک ہو گیا اور ایئر ڈیفنس سسٹم کی طرف سے ہونے والے دو فائر میں ڈرون گر گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈرون گجرات کے قریبی گاؤں ڈنگہ کے قریب گرا ہے، ڈرون کے ملبہ کی اطلاع پر پولیس سمیت قانون نافذ کرنےوالے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور گاؤں پیر جھنڈ کے کھیتوں سے ڈرون کا ملبہ قبضہ میں لے لیا گیا جس کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں کہ ڈرون کس ساخت کا تھا، تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
Leave a Reply