کوئٹہ؛ صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے رکن صوبائی اسمبلی سینئر اور سابق صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک کے قافلے پر کوئٹہ میں ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ اور جمہوریت دشمن اقدام قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات نہ صرف عوامی نمائندوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ جمہوری نظام اور آئینی اداروں کی سالمیت پر بھی سنگین حملہ تصور کیے جاتے ہیں۔
محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ عوامی حمایت سے منتخب ہونے والے رہنماؤں پر حملہ دراصل عوام کی آواز دبانے کی کوشش ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین پر امن و امان کو خراب کرنے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بزدلانہ اقدامات ہمارے حوصلے اور عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
امن دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مقابلہ کیا ہے اور آج بھی پورے عزم و حوصلے کے ساتھ بلوچستان کو امن و ترقی کا گہوارہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
محترمہ مینا مجید بلوچ نے حاجی علی مدد جتک ان کے اہل خانہ اور قافلے کے تمام متاثرہ افراد سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
ساتھ ہی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شرپسند عناصر کے خلاف ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ بلوچستان کو ایک پرامن اور خوشحال صوبہ بنایا جا سکے۔
Leave a Reply