کوئٹہ: اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام قونصل جنرل علی رضا رجائی اور مذہبی رہنماوں قاری عبدالرشید الحذروی، پادری سائمن بشیر مسیح اوربی آر ایس پی کے منیجر غلام محمد محمدی نے کہا ہے کہ تمام مذاہب امن محبت اور انسانیت کا درس دیتے ہیں
یومِ تشکر ہمیں مل کر آگے بڑھنے اور ایک دوسرے کا احترام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے،بھارت کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجالاتے ہیں ۔
یہ بات انہوں نے پی پی اے ایف کے زیراہتمام ’’یوم تشکر و یوم الفتح ‘‘کے موقع پرمیتھوڈیسٹ چرچ کوئٹہ ،جامعہ انوارالعلوم سریاب روڈ کوئٹہ میں بین المذاہب ہم آہنگی ،قومی اتحاد اور حب الوطنی کے فروغ کیلئے کوئٹہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس کے علاوہ پشین میں مدرسہ دارالعلوم ،ور مستونگ میں جامعہ غوثیہ رضوبیہ میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں سینکڑوں طلباء، اساتذہ، مذہبی رہنماؤں، مقامی کمیونٹی اور حکومتی و سماجی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔میٹوڈسٹ چرچ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمہوری ایران کے قائم مقام قونصل جنرل علی رضا رجائی نے کہا کہ اس تاریخی موقع پر پاکستان کی عوام اور قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں یہ کامیابی صرف ایک ملک کی نہیںبلکہ پوری امتِ مسلمہ کی فتح ہے۔ انہوں نے اتحاد، مزاحمت اور انصاف کے قیام کی اہمیت پر زور دیا۔قاری عبدالرشید الحذروی نے اپنی پراثر تلاوت اور خطاب کے ذریعے شکرگزاری، صبر اور قربانی کی روح کو اجاگر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ کی مدد ہمیشہ اْن کے ساتھ ہوتی ہے جو حق پر ڈٹے رہتے ہیں یومِ فتح ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ ایمان اور عزم سے بڑی سے بڑی رکاوٹیں عبور کی جا سکتی ہیں۔
پادری سائمن بشیر مسیح اوربی آر ایس پی کے منیجر غلام محمد محمدی نے یومِ تشکر و یومْ الفتح کی اہمیت، قومی وحدت، اور بین المذاہب ہم آہنگی پر زور دیا۔
انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی، امن رواداری اور بھائی چارے کے پیغام کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب امن محبت اور انسانیت کا درس دیتے ہیں۔
یومِ تشکر ہمیں مل کر آگے بڑھنے اور ایک دوسرے کا احترام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے ان تقریبات کا مقصد مختلف مذاہب اور مکاتبِ فکر کے درمیان مکالمے ہم آہنگی اور قومی شعور کو فروغ دینا تھا۔پی پی اے ایف کے اس اقدام کو مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام مقامی قیادت اور سول سوسائٹی کی جانب سے بھرپور سراہا گیا۔
Leave a Reply