|

وقتِ اشاعت :   7 hours پہلے

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اہم ملاقات کی، جس میں آئندہ مالی سال کے وفاقی ترقیاتی پروگرام (PSDP) میں بلوچستان کی ترجیحات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ملاقات کے دوران بلوچستان کی ترقیاتی ضروریات اور ترجیحی منصوبوں پر ایک جامع بریفنگ دی۔ اُنہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کی ترقی کو قومی ترجیحات کا لازمی جزو سمجھا جائے اور وفاقی پی ایس ڈی پی میں صوبے کے منصوبوں کے لیے سو فیصد فنڈز کی الاٹمنٹ کو یقینی بنایا جائے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کو اس کی پسماندگی کے تناظر میں اضافی ترقیاتی وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ صوبے میں دیرپا ترقی، روزگار کے مواقع اور بنیادی سہولیات کو فروغ دیا جا سکے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور تیز رفتاری اولین ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وفاق اور بلوچستان کے درمیان ترقیاتی اشتراک ناگزیر ہے۔ اُنہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کی ترقی کو قومی ترقی کا کلیدی ستون بنایا جائے گا۔

یہ ملاقات بلوچستان کی ترقی میں وفاقی سطح پر پائیدار اقدامات کے نئے باب کے آغاز کی علامت قرار دی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *