کوئٹہ : علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردی۔موسمیاتی مرکز کے مطابق رواں ہفتے کے دوران بلوچستان کے تمام اضلاع میں ماسوائے ساحلی پٹی کے دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
کوئٹہ ڈویژن سمیت دیگر ملحقہ اضلاع میں دوپہر اور شام کے اوقات میں گردو غبار رہنے کا امکان ہے۔
ہیٹ ویو کی وجہ سے عام لوگ، خاص طور پر بچے، خواتین اور بزرگ شہری دن کے وقت سورج کی براہ راست روشنی سے بچیں اور زیادہ پانی پیئیں۔
کسان اپنی فصلوں اور مویشیوں کا انتظام موجودہ موسمی حالات کے مطابق کریں۔ تمام متعلقہ حکام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ”الرٹ” رہیں اور ہیٹ ویو کے حالات کی وجہ سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔
مرکز کے مطابق جمعرات اور جمعہ کو سبی، تربت، دالبندین، نصیر آباد، جھل مگسی، کچھی، صحبت پور، ڈیرہ بگٹی، جعفر آباد، اوستہ محمد، لسبیلہ، آواران، واشک، خاران اور پنجگور کے علاقوں میں دن کے وقت انتہائی گرم اور معمول سے زیادہ درجہ حرارت رہنے کی توقع ہے۔
نوکنڈی، دالبندین، نوشکی، واشک، مستونگ، پشین، قلعہ عبداللہ، لورالائی، چمن، کوئٹہ، ژوب، موسی خیل، بارکھان اور گردونواح میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سبی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
Leave a Reply