|

وقتِ اشاعت :   5 hours پہلے

کوئٹہ:  سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان میں مردہ سیاسی ماحول تکلیف دہ ہے، سیاسی عمل کے ذریعے صوبے کے جملہ قومی امور پر حقیقی سیاسی کارکنوں کو متحرک کررہے ہیں،

بلوچستان کے لوگوں نے سیاسی کارکنوں کے لبادے میں سیاسی عمل پر مسلط ٹھیکیداروں، عقیدت مندوں اور سہولت کاروں کے خلاف بڑی جنگ لڑنی ہے، طلباء تعلیمی اداروں سے صوبے میں علمی ماحول کا آغاز کریں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو سراوان ہاوس میں بلوچستان یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ سیاست پیٹ کیلئے نہیں آئندہ نسلوں کی بقاء، ترقی و خوشحال کیلئے کررہے ہیں، بلوچستان کی قومی خود داری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے انہوںنے کہاکہ پارٹیوں میں ٹھیکیدار، عقیدت مند، سہولت کار سیاسی کارکنوں کے لبادے میں سیاسی عمل پر مسلط ہیں ان کے خلاف صوبے کے لوگوں نے ایک بہت بڑی سیاسی جنگ لڑنی ہے، سیاسی عمل کے ذریعے شعوری لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے بلوچستان کے جملہ قومی امور پر سیاسی کارکنوں کو متحرک کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی زندگیوں میں عروج اور زوال آتے رہتے ہیں تاہم سنجیدہ قومیں ہی ان بحرانوں اور افراتفری سے نکل پاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوموں کی زندگیوں میں وقت انتہائی اہم ہوتا ہے، صوبے کے لوگوں کا مزید وقت ضائع نہ ہو اس کیلئے حقیقی سیاسی کارکنوں کی فکری شعوری و سائنسی بنیادوں پر زہن سازی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی سفر کا تعین کرکے صوبے کے ہر فرد کو انفرادی و اجتماعی ذمہ داری قبول کرنا ہوگی، طلباء اپنی تعلیم کی طرف توجہ دیں اور یونیورسٹیوں سے علمی ماحول کی ابتداء کرکے بحران سے نکلنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *