کوئٹہ: سینیٹر دھنیش کمار نے جمعہ کو بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں بلوچستان میں جاری سرمایہ کاری منصوبوں اور ترقیاتی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، سی ای اوسرمایہ کاری بورڈ عبد الکبیر زرکون اور سابق ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل بھی موجود تھے۔
سینیٹر دھنیش کمار نے بی بی او آئی ٹی کی جانب سے بلوچستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بی بی او آئی ٹی نے صوبے میں سرمایہ کار دوست ماحول بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ان ترقیاتی اقدامات کے لیے میری مکمل حمایت حاصل رہے گی۔
وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے سینیٹر کو جاری منصوبوں، سرمایہ کاروں سے روابط اور آئندہ کی منصوبہ بندی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے کہاکہ ہم بلوچستان کی معاشی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومتی حمایت اور سینیٹر دھنیش کمار جیسے رہنماؤں کی سرپرستی سے ہم اپنے ترقیاتی اہداف حاصل کر سکیں گے۔
ملاقات کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ تمام متعلقہ ادارے بلوچستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، روزگار کے مواقع اور علاقائی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے جو کہ بی بی او آئی ٹی کے مشن کا اہم حصہ ہے۔
Leave a Reply