کوئٹہ : کوئٹہ میں متعدد سڑکوں کو نو پارکنگ کرنے کے انتظامیہ، حکومت اور ٹریفک پولیس کے فیصلے کے بعد فٹ پاتھوں پر دکانداروں نے موٹر سائیکلیں اور ریڑھیاں کھڑی کرکے پیدل چلنے والوں کیلئے مشکلات پیدا کردی ہے عوامی حلقوں نے حکومت اور انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ فٹ پاتھ پر کھڑی کی گئی موٹر سائیکلوں اور ریڑھیوں کو ہٹایا جائے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے
موجودہ حکومت وزیر اعلی بلوچستان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی سربراہی میں پہلے مرحلے میں جناح روڈ کو منان چوک تک نو پارکنگ قرار دیا تھا اس کے بعد مرحلہ وار قندھاری بازار، لیاقت بازار، پرنس روڈ اور جناح روڈ کو پرنس روڈ تک گاڑیوں کیلئے نو پارکنگ قرار دیا جاچکا ہے ان فیصلوں کے بعد خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کو اپنی گاڑیاں پارک کرنے کیلئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے
حکومت کے اس فیصلے کے بعد دکانداروں نے جناح روڈ ، قندھاری بازار کی فٹ پاتھوں پراپنی موٹر سائیکلیں اور متعدد مقامات پر ریڑھیاں لگاکر قبضہ کرلیا ہے اس کے علاوہ عدالت روڈ ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے اطراف میں فٹ پاتھ پر ریڑھی بانوں اور مختلف سامان فروخت کرنے والوں نے قبضہ کرکے پیدل چلنے والوں کا راستہ بھی بند کردیا ہے جس کی وجہ سے شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے رجحان کے بعد خواتین،
بچوں اور بزرگ شہریوں کو فٹ پاتھ پر موٹر سائیکلوں اور ریڑھی بانوں کے قبضے کی وجہ سے پیدل چلنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے عوامی حلقوں نے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات ،
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)مہر اللہ بادینی اور ایس ایس پی ٹریفک ، ایس ایس پی ٹریفک سٹی پولیس سے درخواست کی ہے کہ فٹ پاتھ پر موٹر سائیکلوں کی پارکنگ اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرکے فٹ پاتھوں کو پیدل چلنے والوں سے واگزار کرایا جائے۔
Leave a Reply