کوئٹہ : صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں جلد ہی غیر قانونی رکشوں کیخلاف کریک ڈائون کیا جائے گا
اور صوبائی حکومت کوئٹہ شہر میں الیکٹرک کاریں چلائے گی تاکہ عوام کو بہتر ٹرانسپورٹ کی سہولیات میسر ہوں جولائی میں مزید 17گرین بسیں بھی چلائی جائیں گی جبکہ خواتین کے لئے 4 پنک بسیں اگلے ماہ سے شروع کر دی جائیں گی
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کو بہتر ٹرانسپورٹ کی سہولیات دینے کے لئے کوششیں کررہی ہے اور اس سلسلے میں کوئٹہ میں غیر قانونی رکشوں کے خلاف جلد کارروائی کی جائے گی
جبکہ اس کے مقابلے میں نئی الیکٹرک کاریں چلائی جائیں گی اور یہ الیکٹرک کاریں شہر کی مختلف سڑکو ں پر ہونگی اور اس کا کرایہ 15 سے 20 روپے مقرر کیا جائے گا
انہوں نے کہاکہ بلوچستان حکومت نے کچلاک سے سریاب کسٹم تک اورینج ٹرین چلانے کا فیصلہ بھی کیا ہے جو پرانے ریلوے ٹریک پر چلائی جائیں گی اس سے بھی عوام کو کافی حد تک فائدہ ہوگا انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور تربت کے لئے بلوچستان حکومت نے مزید 21 بسیں تیار کی ہیں
اور جولائی میں 17 بسیں کوئٹہ جبکہ 4 بسیں تربت میں چلائی جائیں گی جبکہ 4 پنک بسیں خواتین کے لئے چلائی جائیں گی جو صبح اور شام کے اوقات میں دستیاب ہونگی انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کو بہتر کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں اور موجودہ حکومت عوام کے حقوق پر کوئی سودا بازی نہیں کرے گی ۔
Leave a Reply