بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ دنوں گجرات میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے پاکستان کے عوام کو آگے آنا ہوگا، سْکھ کی زندگی جیئیں، روٹی کھائیں، ورنہ میری گولی تو ہے ہی۔
یہ انتہائی ایک غیر ذمہ دارانہ بیان ہے جو بھارتی جنگی جنون کو واضح کرتا ہے ۔ مودی خطے میں عدم استحکام چاہتا ہے اور جنگی ماحول کوبڑھاوا دے رہا ہے۔
بھارت کبھی بھی خطے میں امن کا خواہاں نہیں رہا ہے ، اس نے ہر وقت اشتعال انگیزی اور نفرت کو بڑھاوا دیا ہے اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ بیان کا عالمی برادری کو سختی سے نوٹس لینا چاہئے اگر بھارت جارحیت کا راستہ اپناتا ہے تو پاکستان بھرپور جواب دے گا جس کی واضح مثال حالیہ جنگ ہے جس میں بھارت کو بری طرح سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارتی دفاع ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پاکستان کے دفاعی نظام نے بھارت کے ہوش اڑا دئیے۔
پاکستان نے مودی کے گجرات میں دیے گئے بیان کو انتخابی مہم کا تھیٹر قرار دے دیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے مودی کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو انتہا پسندی کی فکر ہے تو اسے اندرون ملک ہندوتوا اور اقلیت دشمنی پر توجہ دینی چاہیے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں چھپانے کے لیے بیانات دے رہا ہے۔
جوہری ریاست کے سربراہ کے نفرت انگیزبیانات قابل افسوس اور خطرناک ہیں، بھارت کا بڑھتا ہوا جنگی بیانیہ علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے مگر پاکستان کسی بھی خطرے کا منہ توڑجواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
بھارت نے اگر دوبارہ پاکستان پر حملے کی کوشش کی تو اس کا جواب پہلے سے بھی زیادہ شدت سے دیا جائے گا اور اس موجودہ صورتحال میں پاکستان کے ساتھ دنیا کے بیشتر ممالک کھڑے ہیں جبکہ بھارت تنہا ہوتا جارہا ہے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت دیگر مسائل کا حل بات چیت سے چاہتا ہے تاکہ جنوبی ایشیاء میں امن اور خوشحالی آئے۔
پاکستان کی اس خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے بلکہ ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر دیکھا جائے۔
بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، مودی کا ووٹ بینک اور اس کی حکومت کی مقبولیت خطرے میں پڑ گئی ہے۔
اس لئے مودی نے گجرات میں ایسا بیان دے کر اپنی گرتی ہوئی ساکھ بچانے کی ناکام کوشش کی ہے ،انہیں اپنے ملک کے اندر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
پلوامہ اور پہلگام واقعہ کے شواہد اب تک دنیا کے سامنے مودی سرکار نہیں لاسکی ہے کیونکہ یہ بھارت کا اپنا رچایا ہوا ڈرامہ ہے جو دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔
بہرحال پاکستان ذمہ داری کے ساتھ خطے میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا مگر کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے بھی تیار ہے۔
مودی کا گجرات میں غیر ذمہ دارانہ بیان، پاکستان جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے پر عزم!

وقتِ اشاعت : 1 day پہلے
Leave a Reply