کوئٹہ: بلوچستان میں سیکورٹی فورسز نے دو مختلف کاروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے پانچ دہشتگرد ہلاک کردئیے ۔
پاک فوج کے ادارہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع لورالائی میں فتنہ ال ہندوستان کے دہشتگردوں کی موجودگی پر کاروائی کے دوران دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی اسپانسرڈ چار دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد قومی شاہراہ این 70پر راڑہ شم کے قریب 26اگست 2024اور 18فروری 2025کو 30معصوم شہریوں کو شہید کرنے سمیت دہشتگردی کی دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث اور سیکورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایک اور کاروائی میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا ۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک میں بھارتی اسپانسر شدھ دہشتگردی کے خاتمے اور قوم کے عزم کے ساتھ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے پرعزم ہیں ۔
Leave a Reply