|

وقتِ اشاعت :   21 hours پہلے


بلوچستان کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اقتصادی و تجارتی سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے۔
بلوچستان میں ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کررہی ہیں حکومت بلوچستان کی جانب سے سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات اور تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔
بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال، دنیا کے بہترین محل وقوع پر مشتمل سرمایہ کاری و عالمی تجارت کیلئے موزوں خطہ ہے یہی عوامل بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بنیاد فراہم کرتے ہیں،صوبائی حکومت بلوچستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، غیرملکی سرمایہ کار ان مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاں صنعتوں کے قیام سمیت دیگر شعبوں کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرینگے تو یقینا بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کا خواب پورا ہوگا۔
بلوچستان حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے جس کے مثبت نتائج بھی سامنے آرہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کان کنی، شمسی توانائی، آئل اینڈ گیس سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت قانونی تجارت کو فروغ دے رہی ہے اور اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ دنوں کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، صوبائی وزراء ، پارلیمنٹیرینز اور بلوچستان چیمبر آف کامرس کے نمائندگان بھی شریک تھے۔
وزیراعلیٰ نے پاکستان بھر سے آئے بزنس لیڈرز کو خوش آمدید کہا اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے سازگار مواقع پر روشنی ڈالی۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل سہولیات فراہم کرے گی اور ان کی تجاویز کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی نے زور دیا کہ صنعتوں کے قیام سے نہ صرف معیشت کو فروغ ملے گا بلکہ صوبے میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
ملاقات میں ایف پی سی سی آئی اور یو بی جی کے نمائندوں نے وزیراعلیٰ کی کاوشوں کو سراہا، جبکہ بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سی ای او بلال خان کاکڑ کی خدمات کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا۔ بہرحال بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں قانونی تجارت کی حوصلہ افزائی سب ہی کرینگے اور یہ سب کی خواہش بھی ہے کہ ایران اور افغانستان کے ساتھ تجارت کو وسعت ملے جس سے تینوں ممالک کی تاجر برادری اور عوام بھرپور فائدہ اٹھائینگے۔
بلوچستان جغرافیائیحوالے سے اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے جہاں سے جنوبی ایشیاء، سینٹرل ایشیاء ، یورپ تک تجارت کی جاسکتی ہے جس کیلئے وفاقی سطح پر تجارتی روڈ میپ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ان ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دیا جاسکے۔
امید ہے کہ بلوچستان حکومت تجارتی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور صوبے کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ ملکرکا م کرے گی جس سے خطے میں غیر معمولی کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہوگا جس سے بلوچستان میں موجود مسائل حل ہونے کے ساتھ محرومی و پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *