سوراب :بلوچستان کے ضلع سوراب میں دہشت گردوں نے ایک بزدلانہ حملے میں بینک اور انتظامی افسران کی رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا، جسے ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی مذموم کوشش قرار دیا گیا ہے۔ حملے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ہدایت بلیدی شہید ہو گئے، جنہوں نے دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ دیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق دہشت گردوں نے سوراب بازار میں ایک بینک کو لوٹ لیا جبکہ مختلف سرکاری افسران کے گھروں کو نذر آتش کر دیا۔ حملے کے وقت شہید اے ڈی سی ہدایت بلیدی کی رہائش گاہ پر خواتین اور بچے بھی موجود تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ ہندوستان کی ایماء پر اس کی پراکسیز کے ذریعے کیا گیا، جو ریاست پاکستان کے خلاف جاری سازشوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست دشمن عناصر کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کا عزم کیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز حرکت میں آ گئیں، ایف سی، پولیس اور لیویز فورسز فوری طور پر علاقے میں پہنچ گئیں اور سرچ و کلئیرنس آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو اب بھی جاری ہے۔
ترجمان نے شہید ہدایت بلیدی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وطن کے لیے جان قربان کر کے بہادری اور فرض شناسی کی نئی مثال قائم کی۔
مزید تفصیلات اور پیش رفت کے لیے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی فورسز سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں۔
Leave a Reply