کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کہاگیا ہے کہ مائنز ومنرلز ایکٹ پشتون بلوچ عوام کو اپنے وطن کی قدرتی ، معدنی خزانوں سے محروم کرنے کے سوا کچھ نہیںاور بل پاس کرنیوالوں کا عوام ضرور احتساب کرے گی۔
پشتونخوامیپ فارم 47کے ذریعے مسلط نااہل ، ناکام حکومت /حکومتوں کے خلاف برسرپیکار ہے اور ملک کے سیاسی جمہوری اتحاد اور سیاسی جمہوری قوتوں کی مدد اور معاونت سے سوداگروں کے سودا وطن فروشی کو تشت ازبام کرتے ہوئے اسے مکمل ناکام بنائے گی ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے حالیہ پی سی ایس امتحانات میں میرٹ کو پائمال کرتے ہوئے صوبے کے سخت محنتی اور قابل ترین امیدواروں کو ناکام بنانے اور نتائج کے اعلان کرنے کا عمل دراصل میرٹ ، لاء اور رولز کی مکمل پائمالی اور ادارے سے صوبے کے عوام اور خصوصاً سخت محنت کرنے والے طلباء کا اعتماد اُٹھ جانے کے مترادف ہے ۔
اور پارٹی صوبے میں یک طرفہ اور میرٹ کی دھجیاں اُڑانے والوں کا راستہ روکے گی اور اپنی قوم کے سخت محنتی ، ہونہار اور قابل ترین نوجوانوں کے حقوق پائمالی کا ہر محاذ پر سدباب کرے گی ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر منتخب اور غیر نمائندہ حکومت کی جانب سے لیویزفورس کے خاتمے کا نوٹیفکیشن کی کوئی قانونی اور آئینی حیثیت نہیں اور پارٹی ہر محاذ پر اسے ختم کرنے کے لیے جدوجہد کرے گی ۔ صوبے کے پشتون دُور دراز علاقوں میں قائم امن لیویز فورس ہی کی مرہون منت ہے ۔
پارٹی بی ایریا کو اے ایریا میں تبدیل کی ہر سازش کو ناکام بنانے اور ان کے جائز آئینی اور قانونی مطالبات میں ان کے ساتھ ہوں گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر بازار میں پارکنگ بند کرنے سے پہلے پارکنگ پلازوں کی تعمیر ضروری تھیں لیکن ایسا نہ کرکے کوئٹہ کے دوکانداروں کو پریشان کرکے اور عید کے موقع پر ان کی تجارت ،سامان فروشی اور خریداروں (عوام) کو بھی سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخو اوطن میںدہشت گردی جس میں سرکاری عملے کے لوگ ملوث یا مدد گار ہے جس کی آڑ میں بے گناہ مظلوم غریب عوام کو نشانہ بنایا جارہا ہے جس کے خلاف آواز بلند کرنا سیاسی جمہوری کارکنوں کی ذمہ داری ہے اور سرکاری حکومتی کردار کو بے نقاب کرتے ہوئے ان کے سدباب کے لیے اقدامات کریگی اور اپنے عوام کو دہشت سے نجات دلانے میں اپنا مثبت تاریخی سیاسی جمہوری کردار ادا کرے گی ۔
Leave a Reply