|

وقتِ اشاعت :   2 days پہلے


ملک میں موسم گرما کے ساتھ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے، یہ ایک دیرینہ مسئلہ ہے۔
شدید گرمی کے دوران لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہوتی ہے کیونکہ شدید گرمی میںعوام کاجینا دوبھر ہو جاتا ہے، بجلی کی قیمت بھی زیادہ ہے بل ادائیگی کے باوجود بھی بجلی فراہم نہیں کی جاتی۔
بلوچستان میں سردیوں کے موسم میں گیس غائب رہتی ہے جبکہ گرمی میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے جس سے عوام، تاجر، زمیندار سب ہی مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں۔
عوام کے جب صبر کا پیمانہ لبریز ہو جاتا ہے تو ردعمل میں احتجاج کیا جاتا ہے۔
بہرحال بلوچستان میں بجلی کی مستقل فراہمی اور عوامی شکایات کا ازالہ، بجلی منصوبوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان سنجیدہ کوششیں کررہے ہیں ۔
اسی حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر میں بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو سید یوسف شاہ نے بریفنگ دی، جس میں کیسکو کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔
وزیراعلیٰ نے عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے شکایتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کا حکم دیا۔
انہوں نے صوبے میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترسیلی نظام میں خامیوں کے فوری ازالے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔
میر سرفراز بگٹی نے دور دراز علاقوں میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے موثر اور جامع منصوبہ بندی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کیسکو کو عوامی ریلیف کو اولین ترجیح بنانے کی ہدایت کی اور موسم گرما میں بجلی کی غیر ضروری بندش اور بے جا لوڈ شیڈنگ سے گریز کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے ڈیرہ بگٹی، بیکڑ سمیت صوبے کے دور دراز علاقوں میں برقی ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے شدید گرم موسم میں صارفین کو مکمل ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات پر کیسکو عملدرآمد یقینی بنائے اور یہ کیسکو کی ذمہ داری بھی ہے کہ صارفین کو مستقل بجلی فراہم کرے خاص کر شدید گرم موسم میں چند نادہندگان کی وجہ سے دیگر کو اذیت نہ دی جائے بلکہ ان کی بجلی کاٹ دی جائے جو کیسکو کا حق ہے۔
بلوچستان میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے زراعت بری طرح متاثر ہے ،زمیندار سیزن میں کاشت کاری نہیں کرسکتے کیونکہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے فصلوں کو پانی وقت پر نہیں ملتا جس پر زمیندار اپنا احتجاج متعدد بار ریکارڈ کراچکے ہیں ۔
امید ہے کیسکو وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایات پرمکمل عمل کرکے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔
ملک میں سستی بجلی کی فراہمی وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے جس کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام پر مہنگی بجلی کا بوجھ کم ہوسکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *