شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر بھارتی ایجنڈے پر عمل پیرا خوارج کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 2 اور 3 جون کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 14 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے، پاکستانی سیکیورٹی فورسز مادرِ وطن سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر، وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 14 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ انسانیت کے دشمن دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے، دہشت گردی کی عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 14 دہشت گردوں کی ہلاکت کو بڑی کامیابی قرار دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ قوم سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے، پاکستان میں خارجیوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، پاکستان کی سرزمین سے ایک ایک خارجی کا مکمل صفایا کریں گے۔
Leave a Reply