|

وقتِ اشاعت :   2 days پہلے

گوادر: پانی اور بجلی کے سنگین مسائل کے حل کے لیے رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں گوادر میں پانی و بجلی کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (PHE) مومن بلوچ، ایس ڈی او پی ایچ ای داد کریم بلوچ، ایس ڈی او ایریگیشن بیبگر، ایس ڈی او کیسکو نصیر احمد، ایس ڈی او گریڈ اسٹیشن مہراب بلوچ جبکہ جی ڈی اے کے چیف انجینئر سید محمد نے آن لائن شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں کو واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے پانی کی فراہمی میں اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔

جی ڈی اے کو اپنے پمپنگ سسٹمز اور جنریٹروں کی فوری مرمت و بحالی کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ محکمہ ایریگیشن کے بجٹ سے متعلق مسائل کو موقع پر ہی حل کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ایریگیشن کے جنریٹروں سے متعلق آئندہ کوئی شکایت قابل قبول نہیں ہوگی، اور کیسکو کو ہدایت دی گئی کہ سہوڈ ڈیم پر بجلی کی لوڈشیڈنگ ہرگز نہ کی جائے تاکہ شہر میں پانی کی فراہمی متاثر نہ ہو۔

انہوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو یہ بھی ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک جامع اور موثر روڈ میپ فوری طور پر تیار کیا جائے۔

رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اجلاس کے دوران جی ڈی اے، محکمہ ایریگیشن اور کیسکو کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ان اداروں کو اپنی مشینری ہمہ وقت فعال رکھنے، بجلی کی روانی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ گرمیوں میں پانی اور بجلی کی ضرورت میں شدید اضافہ ہوگا، لہٰذا تمام ادارے اپنی کارکردگی میں فوری اور واضح بہتری لائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *